خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں دفترمعلومات کو فعال بنانے کے ضمن میں عملے کے لئے تربیتی پروگرام کا انعقاد

19-01-2022
خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں صوبے کے عدالتوں میں قائم دفترمعلومات کومزید فعال بنانے کےلئے اس کے عملے کو تربیت دینے کا سلسلہ جاری ہے ۔اس ضمن میں آج  خیبرپختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں عدالت عالیہ ، اس کی سرکٹ بنچز اور ضلعی عدلیہ میں قائم دفتر معلومات میں تعینات عملے کی استعدادکار اور صلاحیتوں کو تقویت دینے کےلئے ایک روزہ تربیتی پروگرام کاانعقاد کیا گیا۔تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی ضیاء الدین خٹک، ڈین فیکلٹی فرح جمشید ، اسٹیشن ڈائریکٹر اظہرعلی ،سینئر ڈائریکٹر ریسرچ  اینڈ پبلی کیشن فرح عطاء اللہ ، ڈائریکٹر انسٹرکشنز یاسرشبیر اورودیعہ مشتاق اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے اپنے خطاب میں تربیتی کورس کےا غراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ نظام انصاف سے وابستہ جملہ افراد کا تربیت یافتہ ہونا ضروری امر ہے اور عدالتی عملے کےلئے تربیت اور ان کے استعداد کار میں اضافہ اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ جوڈیشل افسران کےلئے۔ ڈی جی اکیڈمی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اکیڈمی نے عدالتوں کے داخلی راستوں پر قائم دفترمعلومات کو فعال بنانے کے حوالے سے اس کے عملے کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کےلئے خصوصی کورس مرتب کیا گیا ہے جس کا زیادہ تر حصہ عملی پہلووں کا احاطہ کرتا ہے جس کےلئے اکیڈمی نے عدالت عالیہ کے آئی ٹی اور ایچ آر ونگ کے افسران کو بطور تربیت کار مدعو کیا ہے جو اپنے اپنے شعبوں کے ماہر ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تربیتی کورس شرکاء کے استعداد کار میں اضافے اور ان کے فرائض منصبی کی انجام دہی میں فائدہ مند ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ عدالت عالیہ، اس کے سرکٹ بنچز اور ضلعی عدالتوں کے داخلی راستوں پر قائم دفتر معلومات کے عملےکی تربیت کے ضمن میں  15 اور 17 جنوری کو منعقد کیا جاچکا ہے اور آج 19 جنوری کو ہونے والا تربیتی پروگرام اس سلسلے کا تیسرا ایک روزہ تربیتی پروگرام تھا جبکہ22، 24اور  26 جنوری 2022  کو تربیتی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

Contact us

Zircon - This is a contributing Drupal Theme
Design by WeebPal.