نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کے اڑتالیسویں کامن کے زیر تربیت پولیس افسران کے وفد کا خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی کا دورہ ، ڈی جی اکیڈمی کا شرکاءکو بریفنگ

15-09-2021

نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد  کے اڑتالیسویں کامن کے زیر تربیت پولیس افسران نے کورس کمانڈنٹ پولیس اکیڈمی کی سربراہی میں خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور کا دورہ کیا ۔دورے پر آئے ہوئے زیر تربیت پولیس افسران کو جوڈیشل اکیڈمی کے مختلف شعبہ جات  کا دورہ کرایا گیا اور بریفنگ بھی دی گئی ۔

اس حوالے سے جوڈیشل اکیڈمی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی ضیاءالدین خٹک ، سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن احسان اللہ محسود، سینئر ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پبلی کیشن اظہر علی، ڈائریکٹر انسٹرکشنز  اکیڈمی ودیعہ مشتاق ملک ، سید یاسر شبیر  اور  نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد  کے کورس کمانڈنٹ ایس ایس پی عمر آیاز  سمیت اڑتالیسویں  کامن کےزیر تربیت چھبیس اے ایس پیز نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی ضیاءالدین خٹک نے خطبہ استقالیہ دیتے ہوئے وفد کے شرکاءکواکیڈمی آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی کا قیام جولائی 2012 میں اسمبلی کے ایک ایکٹ کے ذریعے عمل میں لایا گیا جبکہ اگست 2012میں جوڈیشل اکیڈمی نے باقاعدہ ٹریننگ پروگرامز کا آغاز کیا جس کا بنیادی مقصد ضلعی عدلیہ کے ججز صاحبان اور کورٹ سٹاف سمیت نظام انصاف سے منسلک تمام سٹیک ہولڈرز کو دورجدید کے تقاضوں کے مطابق تربیتی کورسز کرانا ہے تاکہ عوام کے موجودہ نظام انصاف پر اعتماد کو مزید تقویت دی جاسکے اور لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی میں مدد فراہم کی جاسکے۔ڈی جی اکیڈمی نے بتایا کہ اکیڈمی کے مقاصد میں جوڈیشل ایجوکیشن کی فرہمی اور قانون و جوڈیشل اسٹڈیز کے شعبے میں تحقیق کا انعقاد بھی ہے۔ ڈجی جی جوڈیشل اکیڈمی نے بتایا کہ جوڈیشل اکیڈمی پشاور بورڈ آف گورنر کے تحت کام کرتی ہے جس کے چیئرمین چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ہیں جبکہ گیارہ دیگر ممبران میں ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی بطور ممبر و سیکرٹری بورڈ آف گورنر ہوتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی کے مختلف شعبے ہیں جن میں ایڈمنسٹریشن ونگ ، اکیڈمک ونگ ، ریسرچ ونگ ، آئی ٹی اینڈ انفارمیشن ونگ ، ریڈیو میزان اور جدید لابئریری بھی شامل ہیں مزید یہ کہ اکیڈمی میں دو ہاسٹلز  بھی حال ہی میں تعمیر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی اور خیبر پختونخوا پولیس کے درمیان مفاہمت کی یاداشت یعنی ایم او یو ہو چکا ہے جس کے تحت پولیس اہلکاروں اور افسران کےلئےمتعدد ٹریننگ پروگرامز  کا انعقاد کیا جا چکا ہے اور آج بھی اکیڈمی میں پولیس تفتیشی افسران کے لئے ٹریننگ پروگرام جاری ہے۔

نیشنل پولیس اکیڈمی کے کورس کمانڈنٹ ایس ایس پی عمر آیاز نے اپنے خطاب میں خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اکیڈمی میں فراہم کئے گئے سہولیات اور اکیڈمی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران اور عدلیہ کے درمیان بہترین کوارڈی نیشن کی ضرورت ہے اور پولیس افسران کا دورہ جوڈیشل اکیڈمی پشاور اس کوارڈینیشن کو مزید تقویت کا سبب بنے گا۔انہوں نے بتایا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی اور فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد کے مابین ایم او یو ہو چکا ہے۔

 تقریب کے اختتام پر  اکیڈمیز کی جانب سے سونئیرز بھی پیش کئے گئے جبکہ شرکاءکو اکیڈمی کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔

 

Contact us

Zircon - This is a contributing Drupal Theme
Design by WeebPal.