خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی میں نئے تعینات ہونے والے سول ججز /جوڈیشل مجسٹریٹس/ علاقہ قاضیوں کےلئے پانچ ہفتوں پر محیط پانچویں قبل از ملازمت تربیتی پروگرام کا آغاز۔

خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں صوبہ کے مختلف اضلاع میں نئے تعینات ہونے والے سول ججز/ جوڈیشل مجسٹریٹس /علاقہ قاضیوں کے دوسرے بیچ کےلئے 5ہفتوں پر محیط قبل از ملازمت ٹریننگ پروگرام کا آغاز ہو گیا ہے ۔
ٹریننگ پروگرام کی افتتاحی تقریب جوڈیشل اکیڈمی میں منعقد ہوئی جس میں رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ انعام اللہ خان مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب کی صدارت ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی فرح جمشید نے کی ،اس موقع پر  ڈین فیکلٹی محمد شعیب ،  سینئر ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پبلی کیشن فرح عطاء اللہ ، اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو میزان اظہرعلی، ڈائریکٹر انسٹرکشنز  سید یاسر شبیر ، ودیعہ مشتاق ملک ، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ظفراللہ خان، اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کی پروگرام منیجر سمیت  دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی فرح جمشید  نے شرکاءکو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں بطور سول ججز سلیکشن اور تعیناتی پر مبارک باد دی ۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل اکیڈمی نے پانچ ہفتوں پر محیط قبل از ملازمت ٹریننگ کورس مرتب کیا ہے جو نئے تعینات ہونے والے جوڈیشل افسران کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو نکھارنے  میں معاون ثابت ہو گا۔ ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے بتایا کہ اکیڈمی کی بنیاد 2012ء میں رکھی گئی  اور یہ  ترقی کا زینہ کامیابی سے طے کررہی ہے۔ ڈی جی اکیڈمی نے تربیتی پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اس کورس سے نہ صرف شرکاءٹریننگ کے علم میں اضافہ ہوگا بلکہ ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بھی تقویت ملے گی ۔ انہوں نے ٹریننگ پروگرام کے طریقہ کار سے متعلق  بریفنگ بھی دی ۔
اس موقع پر ڈین فیکلٹی جوڈیشل اکیڈمی محمد شعیب نےجملہ کورس کے مواد اور اکیڈمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔مہمان خصوصی رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ انعام اللہ خان نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سول ججز کی عدالتیں انصاف کی فراہمی کے عمل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اس لئے ضروری ہے کہ نظام انصاف کی اس پہلی کڑی کو مضبوط بنایا جائے اورججز کی تربیت موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق کی جائے۔ان کا کہناتھا کہ ایک جج  کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرنا ہوتا ہے اور ایک ایماندار جوڈیشل آفیسر سے لوگوں کی بہت سے توقعات وابستہ ہوتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء ٹریننگ کو جوڈیشل اکیڈمی کے مختلف شعبہ ہائے کا دورہ بھی کرایا گیا۔

 

Contact us

Zircon - This is a contributing Drupal Theme
Design by WeebPal.